نئی دہلی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کا افتتاح کرکے امن کی جانب تاریخی قدم بڑھایا گیا جسے دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا اور اقوام عالم کے کئی اہم ممالک نے اس کاوش کی زبردست تعریف کی ہے۔
بھارت کی جانب سے کرتاپور صاحب کے درشن کے لیے 500 یاتریوں کا پہلا جتھہ بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ کی سربراہی میں آیا۔ جن میں کئی نامور شخصیات بھی موجود تھیں۔ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ، بھارتی اداکار و ممبر پارلیمنٹ سنی دیول بھی پاکستان آنے والوں میں شامل تھے۔
سکھ کمیونٹی کے لیے تاریخی دن کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ بھارت روانہ ہوئے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اچھی شروعات ہے، بھارت اور پاکستان کے مابین تعلقات میں اگرچہ اتار چڑھاؤ ہے مگر میں امید کرتا ہوں کہ یہ حالات نارمل کرنے کے لیے بہت اچھی شروعات ہے۔