وزیراعظم سے بابر اعوان کی ملاقات، پارٹی فنڈنگ کیس پر تبادلہ خیال

Last Updated On 22 November,2019 11:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن میں زیر سماعت پارٹی فنڈنگ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی عدم استحکام کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ رول آف لا پر سمجھوتہ ہوگا اور نہ کرپٹ مافیا کو رعایت ملے گی۔

ملاقات کے بعد بابر اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف پر فارن فنڈنگ نہیں، ممنوعہ فنڈنگ کا جھوٹا الزام ہے۔ پی ٹی آئی کے سارے اکاؤنٹس آڈٹ شدہ ہیں۔ ممنوعہ فنڈنگ کا واویلا کرنے والے بے نامی اکاؤنٹس اور منی لانڈنرنگ کا حساب دیں۔

دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیر محبوب سلطان، رکن اسمبلی نصر اللہ گھمن اور خرم شہزاد نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے عالمی بینک کی جانب سے بجٹ سپورٹ بحال کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کا عمل جاری رہا تو اداروں کا اعتماد مزید بحال ہوگا۔

ادھر ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو کور کمیٹی اجلاس بلا لیا ہے۔ تمام کور کمیٹی ممبران کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

کور کمیٹی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ گزشتہ کور کمیٹی اجلاس میں بنائی گئی کمیٹیاں ابتدائی رپورٹ پیش کریں گی۔ کور کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن بیانیہ کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

 

اجلاس میں پی ٹی آئی منشور پر عمل درآمد سے متعلق حکمت عملی طے ہو گی جبکہ اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔


 

 

Advertisement