کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈینگی وائرس سے دو ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔ شہرمیں رواں سال ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 44 ہو گئی۔
ڈینگی کنٹرول پروگرام سندھ کے مطابق ڈینگی سے جاں بحق ہونے والا دو ماہ کا عبداللہ ملیر کالا بورڈ کا رہائشی تھا جو نارتھ ناظم آباد کے نجی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
ڈینگی پروگرام نے تصدیق کی ہے کہ بچے کی موت کی وجہ ڈینگی وائرس ہے۔ رواں برس کراچی میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 44 تک جا پہنچی، ڈینگی کنٹرول پروگرام سندھ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 89 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ سندھ بھر میں رواں سال پندرہ ہزار چھ سو نو افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔