لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر شہروں میں ڈینگی مچھر شہریوں کو باآسانی نشانہ بنا رہا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک راولپنڈی اور خیبر پختونخوا میں متاثرین کا سکور بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔ لاہور میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 23 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد 14253 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سیزن میں ڈینگی سے 78 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ادھر لاہور شہر میں بھی ڈینگی کے وار تھم نہیں سکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے 11 مزید نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ تمام مریضوں کے ڈینگی ٹیسٹ آئی جی ایم اور این ایس ون ٹیسٹ پازیٹو آئے۔ شہر میں ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 601 ہو گئی جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے شہر میں سرویلنس جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 190 کیسز سامنے آئے۔ سندھ بھر میں رواں سال 12 ہزار 471 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں برس ڈینگی سے 34 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے مزید 18 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد 6957 ہو گئی۔ پشاور میں مزید 8 کیسز سامنے آئے جس کے بعد شہر میں مریضوں کی تعداد 2639 ہو چکی ہے۔