کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے متاثرہ دو مذیر مریضوں کی اموات ہو گئیں۔
لیاقت آباد کی رہائشی 55 سالہ زاہدہ کوثر نجی سپتال میں زیر علاج تھیں۔ فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی میں سات ماہ کا بچہ بھی ڈینگی وائرس کے باعث نجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ وزیر صحت سندھ سے سوال ہوا تو کہنے لگیں کہ بارش سے پہلے سپرے ہونا چاہیے تھا، مگر اب شہری احتیاط کریں۔
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 188 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال ڈینگی وائرس 28 افراد ہمیشہ کی نیند سو چکے ہیں۔ کراچی میں نومبر کے تین روز کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 515 افراد نے ہسپتالوں کا رخ کیاجبکہ رواں سال اب تک 9 ہزار 451 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔
صورتحال قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے، مگر سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی کے خاتمے کیلئے خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے جا رہے۔