لاہور: (دنیا نیوز) راولپنڈٰی کی رہائشی 34 سالہ نائلہ اور 40 سالہ ندیم اختر ڈینگی بخار کے باعث جاں بحق ہوئے۔ نائلہ دو روز سے ڈی ایچ کیو جبکہ ندیم ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق اب تک راولپنڈی میں ڈینگی ہلاکتوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ شہریوں پر ڈینگی مچھر کے حملے جاری ہیں لیکن انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 84 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پوٹھوہار ٹاؤن سے 34 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص کی گئی جبکہ میونسپل کارپوریشن حدود کے مختلف علاقوں سے 21 مریض ڈینگی مچھر کا شکار ہوئے۔
اسلام آباد سے ڈینگی کے مزید 10 مریض راولپنڈی کے ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈز کے مختلف علاقوں سے مزید 20، کہوٹہ، مری، کلر سیداں اور ٹیکسلا سے ایک ایک مریضوں میں ڈینگی پازٹیو آیا۔
ادھر ملتان میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 9 مریضوں کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کے بعد ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ ان مریضوں کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق ملتان میں 1570 مریضوں کو ڈینگی کے شبے میں لایا گیا تھا جن میں سے 152 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب ڈینگی کے وار لاہور میں بھی جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبائ دارالحکومت میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔