لاہور: (دنیا نیوز) کراچی میں دو سو تین نئے کیس سامنے آ گئے۔ راولپنڈی میں 87، لاہور 8، فیصل آباد 5 اور ملتان میں دو نئے مریض رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی سے جاں بحق خوشاب کے رہائشی 27 سالہ وقاص کے ورثا نے ہسپتال انتظامیہ پر بروقت علاج نہ کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔ خوشاب میں اب تک پچاس افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات نایاب ہیں۔
کراچی میں ایک ہی روز ڈینگی بخار کے 203 کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ رواں برس کے دوران شہر میں 19 افراد ڈینگی وائر کا نشانہ بن کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 208 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ راولپنڈی میں مزید 87 شہری بے لگام مچھر کا نشانہ بن گئے۔ پوٹھوہار ٹاؤن سے 35 جبکہ میونسپل کارپوریشن کے مختلف علاقوں سے 22 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اسلام آباد سے پانچ مریض راولپنڈی کے اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ لاہور میں بھی ڈینگی کے وار تھم نہ سکے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 8 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔
ملتان میں ڈینگی سے متاثرہ مزید دو مریض نشتر ہسپتال پہنچ گئے۔ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں مزید پانچ مریض داخل کئے گئے۔