اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی راج برقرار ہے، انتظامیہ اور محکمہ صحت کی تمام حکمت عملی ناکام نظر آتی ہے۔ راولپنڈی میں اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔
جاں بحق افراد اور متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ راولپنڈی میں بھی ڈینگی نے مزید 2 جانیں لے لیں، دونوں مریض گزشتہ چار روز سے ہولی فیملی میں زیر علاج تھے، اب تک 37 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 8260 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 146 شہری نشانہ بنے، پوٹھوہار ٹاون سے 46 اور میونسپل کارپوریشن کے علاقوں سے 42 مریضوں میں تشخیص ہوئی۔ چکلالہ اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف علاقوں کے 26 مریض ڈینگی کا شکار بنے۔ اسلام آباد کے 15 رہائشیوں کو راولپنڈی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ کہوٹہ 3، مری 1، کوٹلی ستیاں سے 3 اور کلرسیداں سے 2 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 31 نئے مریض رپورٹ ہوئے، متاثرہ مریضوں کی تعداد 375 تک پہنچ گئی۔ کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول کی رہائشی 35 سالہ ثمرین نجی ہسپتال میں چل بسی، سندھ میں ایک ہی روز میں ڈینگی کے 200 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 192 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے۔
رواں ماہ سندھ میں 2505، کراچی میں 2333 کیسز رپورٹ ہوئے، رواں سال سندھ میں 5722، کراچی میں 5376 مریض سامنے آئے۔ رواں برس سندھ میں 18 افراد جان سے گئے۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 83 کیس رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں ڈینگی کیسزکی تعداد 5 ہزار 414 ہوگئی۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق پشاور میں مزید 35 افراد متاثر ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد2 ہزار238 ہوگئی۔
کوہاٹ میں ڈینگی کے مزید 14 کیس سامنے آئے، تعداد 294 ہوگئی۔ مردان میں مزید 4 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے تعداد 217 ہوگئی۔