راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے ایک اور جان لے لی

Last Updated On 23 October,2019 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی بخار میں مبتلا مریض دم توڑ گیا جس کے بعد اس مرض کے وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 43 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 84 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

ڈینگی بخار سے جاں بحق ہونے والے مریض کا تعلق راولپنڈی کے علاقے قائداعظم کالونی سے تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق احسن تین روز سے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی بخار کی وجہ سے داخل تھا۔ میت ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 84 شہریوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جو تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ مجموعی طور پر رواں سال ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 ہزار چھ سو 16 ہو چکی ہے اور رواں سیزن میں 43 افراد ڈینگی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔