کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی وائرس کے باعث جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈیفنس کا رہائشی 82 سالہ سرفراز حسین، 35 سالہ گلبہار کی رہائشی افشاں آصف، گلبہار کی رہائشی ستاون سالہ گلنار بیگم اور نارتھ کراچی کی 50 سالہ سعیدہ خاتون ڈینگی سے جان بحق ہوئیں۔
آج ہونے والی اموات کے بعد رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ سندھ ڈینگی کنٹرول پروگرام رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 247 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔
ادھر راولپنڈی میں ڈینگی کی بڑھتی وبا ضلعی انتظامیہ کے لیے درد سر بن گئی ہے۔ تمام تر انتظامات کے باوجود ڈینگی وائرس پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 81 شہریوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ رواں سیزن میں 10400 سے زائد شہری ڈینگی وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے مزید 81 مریض ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ گئے ہیں۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق پوٹھوہار ٹاؤن سے 26، میونسپل کارپوریشن کی حدود سے 19، چکلالہ اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود سے 24 مریض تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں لائے گئے۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سپرے نہ کرنے کی وجہ سے شہر اقتدار سے بھی شہری لائے جا رہے ہیں۔