راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے مزید ایک قیمتی جان لے لی

Last Updated On 30 October,2019 10:17 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی بخار میں زیر علاج رہنے مریض دم توڑ گیا۔ ڈینگی وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 46 ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 73 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

تفصیل کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی مچھر انتظامیہ کے دعوؤں کے باوجود قابو میں نہیں آ سکا ہے، ڈینگی کے جان لیوا حملے جاری ہیں۔ قاتل مچھر نے مزید ایک جان لے لی ہے۔

ساٹھ سالہ محمد شریف گزشتہ ایک ہفتہ سے بے نظیر ہسپتال میں ڈینگی وارڈ میں زیر علاج تھے جن کی حالت تشویشناک ہونے پر آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں زندگی کی بازی ہار گئے، بزرگ شہری کا تعلق کلر سیداں سے تھا۔ ہسپتال حکام کے مطابق میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 73 شہریوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جس میں پوٹھوہار ٹاؤن سے 33، میونسپل کارپوریشن کے مختلف علاقوں سے 7 راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور چکلالہ کنٹونمنٹ سے مزید 22 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو تینوں الائیڈ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ مجموعی طور پر رواں سال ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10547 ہو چکی ہے۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق رواں سیزن میں 46 افراد ڈینگی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔