لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کچھی کا اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے 250 بسیں منگوانے کی منظوری دیدی ہے۔ بہت جلد شہریوں کو متبادل ٹرانسپورٹ کی سہولت ملے گی۔
خیال رہے کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کے 17 روٹس پہلے ہی بند تھے۔ جناح ٹرمینل سے جلو موڑ 22 نمبر روٹ اور ویلنشیا ٹاؤن سے ریلوے سٹیشن 10 نمبر روٹ پر بھی اب بسیں نہیں چلیں گی۔ مجموعی طور پر بسوں کے تمام 19 روٹس بند ہو گئے ہیں۔
2012ء میں ایل ٹی سی کے پاس 19 روٹس پر 400 بسیں تھیں۔ رواں سال بسیں بڑھانے کے بجائے تمام روٹس ہی بند کر دئیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ایل ٹی سی کا 2012ء میں البراک کمپنی سے پہلے پانچ سالہ اور پھر بعد میں تین سالہ معاہدہ ہوا تھا۔
لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (ایل ٹی سی) معاہدے ختم ہونے سے پہلے کسی دوسری کمپنی سے نیا معاہدہ ہی نہیں کر سکی۔ ادھر روٹس بند ہونے سے لوکل ٹرانسپورٹ پر سفر کرنیوالوں میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ایل ٹی سی کے آپریشن مینجر نے کہا ہے کہ بس سروس بند ہونے پر ان روٹس پر مزدا سروس شروع کر دی گئی ہے۔