اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے حکومت کو مزید وقت دینے کا ٹائم گزر چکا ہے
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت والے مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو رزلٹ کے ساتھ آئیں کیونکہ حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے ، کسی کو خوش کرنے کے لئے ترمیم ہو سکتی ہے تو ہمارے نکات پر کیوں نہیں، حکومت نے ترمیم کیلئے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا،حکومت پہلے ترمیم پر حمایت لینے کیلئے ہمیں قائل کرے ، پارٹی فیصلہ کرے تو نشستوں سے استعفیٰ بھی دے سکتے ہیں،جلد سینٹر ل پارٹی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کریں گے ۔خیال رہے کہ دو روز قبل پارٹی کی 4 خواتین کی گرفتاری کے معاملے پر بی این پی نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی تھی ،سی پیک اتھارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا اسی پر تو ہمارا اعتراض ہے کہ اتھارٹی بنائی گئی، اتحادی کے طور پر کم ازکم ہمیں اعتماد میں لیا جاتا، نکات نہیں تو زبر زیر لگانے کا ہمارا حق ہوتا ہے ۔کسی فورم میں ان سے ملاقات ہوتی تو وہ کہتے ہیں اگلی ملاقات تک ختم ہوجائے گا لیکن اگلی ملاقات میں ہماری طرف سے اس سے بڑی شکایات آتی ہیں