لاہور: (ویب ڈیسک) سال 2019ء اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے، یوں رواں سال کے دوران ہونے والے واقعات ہر کوئی جاننا چاہتا ہے، امریکی سرچ انجن گوگل نے رواں سال پاکستان سے انٹرنیٹ پر تلاش کیے جانے والے مقبول ترین موضوعات کی فہرست جاری کر دی۔ کس کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، اس کی فہرست گوگل نے جاری کر دی ہے۔
فہرست میں سال 2019 میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی معلومات پر ایک نظر ڈالی گئی ہے اور اس سال ہونے والے اہم ترین واقعات، مقبول ہونے والی خبروں اور دلچسپ ترین تفریحی مواد کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
ٹرینڈنگ موضوعات میں پہلے نمبر پر پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ، دوسرے نمبر پر پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، تیسرے نمبر پر لائیو کرکٹ، چوتھے نمبر پر سونی لائیو، پانچویں نمبر پر PSL 4 کا شیڈول، چھٹے نمبر پر کرکٹ ورلڈ کپ، ساتویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، آٹھویں نمبر پرپی ٹی وی اسپورٹس، نویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ انڈیا جب کہ دسویں نمبر پر سری لنک بمقابلہ پاکستان میچ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
جن شخصیات کے بارے میں معلومات کو 2019ء کے دوران سب سے زیادہ تلاش کیا گیا، ان میں ٹاپ پر اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اداکارہ نیمل خاور رہیں جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد رہے۔
کرکٹ سٹار بابر اعظم تیسرے نمبر، چوتھے نمبر پر کرکٹر آصف علی، پانچویں نمبر پر گلوکار عدنان سمیع، چھٹے نمبر پر بھارتی اداکارہ سارہ علی خان، ساتویں نمبر پر کرکٹر محمد عامر، آٹھویں پر پاکستانی ٹی وی آرٹسٹ علیزے شاہ، نویں نمبر پر انڈین ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھامان، دسویں نمبر پر ٹی وی اینکر مدیحہ نقوی براجمان ہیں۔
جن فلموں اور ٹیلی وژن پروگراموں نے 2019 کے دوران ٹرینڈنگ کی، ان میں ٹاپ پر ایونجرز اینڈ گیم، دوسرے نمبر پر بگ باس 13، تیسرے پر عہدِ وفا، چوتھے پر سنو چندا سیزن 2، پانچویں پر انڈین فلم کبیر سنگھ، چھٹے پر کیپٹن ماروِل، ساتویں پر ڈراما میرے پاس تم ہو، آٹھویں پر کارٹون موٹو پتلو 2019، نویں پر بھروسا پیار تیرا، اور دسویں نمبر پر فلم گلی بوائے رہی۔
پاکستانی عوام جن موضوعات سے متعلق زیادہ تجسس رکھتے ہیں، ان کی تفصیلات حاصل کرنے کے علاوہ، گوگل سرچ ٹولز سے ان موضوعات کی تفصیل بھی حاصل کی جا سکتی ہے، جو 2019ء کے دوران دنیا بھر میں سب سے توجہ حاصل کرتے رہے۔