ملتان: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم ن لیگ کا پرانا مطالبہ ہے، اب واویلا کیوں کیا جا رہا ہے؟ آرڈیننس لانے کا مقصد کرپشن پر پردہ ڈالنا یا این آر او دینا نہیں، حکومت کی نیت پر شک نہ کیا جائے، ملک لوٹنے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار ہے.
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر مطالعہ تنقید ہمارے ہاں روش بن گئی ہے، اپوزیشن کہہ رہی ہے معیشت کا پہیہ نہیں چل رہا، دوسری طرف اپوزیشن معاشی معاملات میں رکاوٹ ڈالتی ہے، معاشی استحکام کیلئے حکومتی اقدامات پر تنقید کی جاتی ہے، کسی کو رعایت یا این آراو دینا ہمارا مقصد نہیں۔ نیب قانون پر نظرثانی پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کا مطالبہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی شہر ملک کی انڈسٹریل حب ہے، وہاں گیس بحران سے پروڈکشن میں کمی ہو گی، وفاقی حکومت نہیں چاہے گی کہ پرڈوکشن بند ہو، وفاقی حکومت سندھ کیساتھ پورا پورا تعاون کرے گی۔