اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گورنر شاہ فرمان، وزیراعلی محمود خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد عوام کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرح سہولیات دینا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں اس علاقے کی عوام کو نظر انداز کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ انضمام کے عمل کو کامیابی سے آگے بڑھانا پی ٹی آئی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، موجودہ حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لئے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے ہیں، انضمام شدہ علاقوں میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، قبائلی علاقہ جات میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دیں، کاروبار کے مواقع بڑھانے سے روزگار کے مواقع پیدا اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، صوبائی حکومت سیاحتی شعبہ کی استعداد کو بروئے کار لانے پر خصوصی توجہ دے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے، اب ہمارے اوپر زیادہ ذمہ داری ہے کہ عوام کی بھر پور خدمت کریں۔