کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے، عالمی بینک بھی تائید کرچکا ہے۔ غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع اسی وقت بڑھ سکتے ہیں جب سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر چلیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے دوران ممتاز کاروباری شخصیات اور تاجر برادی کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقہ ملک کی معاشی ترقی میں ایک اہم ستون کا درجہ رکھتا ہے، حقیقی ترقی پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے سرمایہ کاری سے ہی ممکن ہے، حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر عالمی بینک بھی تائید کرچکا ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پاکستان دنیا میں 28 درجے اوپر چلا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت مستحکم اور معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، بین الاقوامی ادارے بشمول موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم قرار دیا، حکومتی معاشی ٹیم انتھک محنت کر رہی ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دن رات کام کیا جارہا ہے، ہمارے دروازے تاجر برادری کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ ہم نے حکومت سنبھالنے کے ساتھ ہی آپ سے مشاورت کا عمل شروع کیا اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کی تجاویز حکومت کے لیے اہمیت کی حامل ہیں۔ غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع اسی وقت بڑھ سکتے ہیں جب سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر چلیں۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں بھی پرائیویٹ سیکٹر کو شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ہی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا عمل ایک ساتھ چلے گا۔ یہ بات خوش آئند ہوگی کہ سرمایہ کار حکومت کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں۔ وفد نے ٹیکس اصلاحات اور دیگر پالیسیز پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔