لاہور: (دنیا نیوز) بالائی علاقوں میں ہر طرف برف ہی برف بکھری ہوئی ہے۔ ہائی ویز اور موٹر ویز بند ہیں۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 18 رہا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں دھند اور سردی کا راج ہے۔ لاہور اور نواحی علاقوں ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، موہلنوال، مراکہ، سندر، مانگا منڈی اور پھول نگر دھند کی لپیٹ میں رہے۔
قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر تک ہو گئی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ کندیاں، چشمہ اور نواح میں بھی شدید دھند ہے۔
ادھر اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ سورج کی بادلوں سے آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ باغوں کے شہر لاہور میں بھی دھند کی چادر تنی ہوئی ہے۔ شہر اور اس کے مضافات میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے ٹھٹھرا دینے والی سردی ہے۔
ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 18 رہا۔ استور میں منفی 8، چکوال، کوئٹہ اور مالم جبہ میں منفی تین تک گر گیا۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر اور لاہور میں درجہ حرارت 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں تیز ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت نو ریکارڈ کیا گیا۔