لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں جبکہ خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بھی شدید دھند کا امکان ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم شدید سرد ہے۔ ادھر کوئٹہ، قلات، زیارت اور دالبندین میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ زیارت میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی چار اعشاریہ 5، کوئٹہ میں منفی 3، ژوب میں منفی ایک اور دالبندین میں صفر سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارکھان اور پنجگور میں 2، گوادر میں 10، جیونی اور پسنی میں 14، خضدار میں 6، لسبیلہ اور نوکنڈی میں 7، سبی میں 5 اور تربت میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر پیر کے روز سندھ بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ کراچی میں یکم اور دو جنوری کو سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرد ہواؤں کے باعث سردی کی شدت کا احساس ہوگا۔ تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب کی بات کی جائے تو لاہور اور فیصل آباد میں 6، اسلام آباد اور گوجرانوالہ میں 7، ملتان میں 8، رحیم یار خان میں 9، آزاد کشمیر اور مری میں 2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پشاور سے لے کر صوابی تک شدید دھند کے باعث موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دھند میں ان ہدایات کا خیال رکھیں۔
جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں، اچانک بریک لگانے سے پرہیز کریں، ہیڈ لائٹ لو بیم پر رکھیں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موبائل فون ایپلیکیشن " این ایچ ایم پی ہمسفر " میں تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ سفر شروع کرنے سے پہلے اور دوران سفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔