لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 10 میٹر ہوگئی، پھول نگر، جمبر، پتوکی، حبیب آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور گیمبر دھند میں گم رہے، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔
باغوں کے شہر لاہور میں آج دھند قدرے کم رہی تاہم پنجاب کے میدانی علاقے اور دیگر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر بھی دھند کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دھند رہی۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ ادھر موٹروے M2 لاہور سے لے کر کلرکہار تک جبکہ ایم 3 فیض پور سے خانیوال اور ایم 4 فیصل آباد سے گوجرہ اور پنڈی بھٹیاں تک بند تاہم M1 پشاور سے لے کر رشکئ تک اوپن کر دی گئی ہے۔
لیاقت پور شہر اور گردونواح میں شدید دھند کا راج رہا، بھلوال شہر میں دھند ہی دھند رقصاں رہی جہاں حد نگاہ 20میٹر تک ہو گئی۔ قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودہراں اور بہاولپور اور صادق آباد میں بھی شدید دھند چھائی رہی۔ ملتان سے خانیوال موٹروے کو شدید دھند جبکہ موٹروے ایم فور شام کوٹ سے گوجرہ تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔
رحیم یار خان شہر اور گردونواح میں دھند کا راج رہا، دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو رحیم یار خان سے ملتان تک بند کر دی گئی۔