لاہور سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کا راج، سردی میں اضافہ

Last Updated On 20 December,2019 01:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہیں، شہر اقتدار اسلام آباد سمیت باغوں کے شہر میں بادلوں کا بسیرا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بعض مقامات پر ہلکی بارش کی نوید بھی سنائی ہے۔

جھنگ شہر اور گردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شاہراہوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، دھند کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے موٹروے کو بعض مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈرائیورز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم کوئٹہ، قلات، نوکنڈی، دالبندین اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔

گلگت بلتستان اور سکردو 04، بلوچستان اور قلات میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔ آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں سکردو منفی 11، استور منفی 10، گوپس، بگروٹ منفی 08، پاراچنار، گلگت، ہنزہ منفی 05، راولا کوٹ، مالم جبہ اور دیر میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔