لاہور: (دنیا نیوز) دل کا ہسپتال 5 روز بعد بھی مکمل فعا ل نہ ہوسکا، ایمرجنسی کے علاوہ تمام شعبوں میں علاج کی سہولت تاحال معطل ہے، دل کے مریضوں کی تکلیف بڑھنے لگی، ہسپتال انتظامیہ اوپی ڈی اور ان ڈور کی بحالی کے لیے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحفظات دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 5 روز بعد بھی مکمل طبی سہولیات بحال نہ ہوسکیں۔ ان ڈور بدستور بند جبکہ اوپی ڈی اتوار کے روز حسب معمول بند ہوتی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کل او پی ڈی اور ان ڈور سروسز کی بحالی کے لیے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحفظات دور کرنے میں مصروف ہے۔ ایمرجنسی میں آنے والے انتہائی سنجیدہ مریضوں کی انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت دی جا رہی ہے جبکہ آپریشن تھیٹر اور کیتھ لیب بند ہونے سے مریض آپریشن اور ضروری ٹیسٹوں سے محروم رہے جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ آؤٹ ڈور میں ہڑتال نہیں کی بلکہ وکلاء کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں ایسی صورتحال میں کام نہیں کر سکتے، حکومت آؤٹ ڈور میں رینجرز کی سکیورٹی فراہم کرے۔