لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حسان نیازی کا پی ٹی آئی سے کوئی لینا دینا نہیں، نئے پاکستان میں وزیراعظم کے بھانجے کے گھر، فارم ہاؤس پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، پی آئی سی میں توڑ پھوڑ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی آئی سی پر حملے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار بعض وکلا کو عدالت بھی پیش کر دیا گیا، ہسپتال، پیرا میڈیکل سٹاف، ڈاکٹرز کے تحفظ کیلئے بل لا رہے ہیں، جلد ہی یہ سیکیورٹی بل اسمبلی سے منظور کرا لیا جائے گا، حسان پہلے حفیظ نیازی کے بیٹے بعد میں عمران خان کے بھانجے ہیں، ان کیخلاف حکومت بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا پی آئی سی کا انفرا اسٹرکچر پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے بنایا ہے، پی آئی سی اب فعال ہوچکا ہے، پولیس شیلنگ ہسپتال میں نہیں جیل روڈ پر ہو رہی تھی، اپنی تعریف نہیں کر رہا لیکن شیلنگ جا کر بند کرائی، وکلا، ڈاکٹرز اور ہر کمیونٹی کے افراد ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ہمیں ملک اور معاشرے میں حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، میں نے خود جان جوکھوں میں ڈال کر 15 وکلا کو لوگوں سے بچایا، شیلنگ بند نہ کرائی جاتی تو خدانخواستہ زیادہ اموات ہوسکتی تھیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا وزیراعلیٰ کے بیٹے، بھائی یا رشتے دار کو کسی پروگرام کا انچارج نہیں بنایا گیا، نوازشریف نے مریم نواز کو 100 ارب کے خزانے پر بٹھا دیا تھا، (ن) لیگ والوں کو عثمان بزدار کے کام ہضم نہیں ہوتے، نواز شریف کی واپسی سے متعلق پوری قوم کرب میں مبتلا ہے، نواز شریف کو عدالت کا دیا گیا وقت ختم ہوگا تو دیکھیں گے، جب نواز شریف نے رپورٹ دینی ہوتی ہے تو ہسپتالوں کے دورے ہوتے ہیں، پھر دیکھتے ہیں برگر کھایا جا رہا ہے اور لندن کی سیر کی جا رہی ہے۔