لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج ہے، موٹر وے کوٹ مومن سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند رہی، حد نگاہ کم ہونے سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا رہا، قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ سے پتوکی تک دھند کے ڈیرے رہے، قومی شاہراہ پر حد نگاہ سو میٹر تک رہی، موٹر وے پر بھی دھند کے باعث ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا رہا۔ کوٹ مومن سے پنڈی بھٹیاں تک حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
چنیوٹ، خوشاب، جھنگ میں بھی شدید دھند کے باعث معمولات زندگی متاثر رہے، بھوانہ، لالیاں، چناب نگر میں حد نگاہ صفر ہونے کے باعث لوگوں کو مسائل کا سامنا رہا۔ کندیاں، سانگلہ ہل، پیر محل، قائد آباد میں بھی دھند کے باعث راستے گم رہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز تک رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائی رہے گی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں کُہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔
آج کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10، کالام منفی 07، مالم جبہ منفی 06، استور منفی 05، زیارت منفی 4، راولاکوٹ اور قلات منفی 03، کوئٹہ اور مری میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 2، لاہور اور فیصل آباد میں 6، ملتان 10 اور پشاور میں 5 ریکارڈ کیا گیا۔