لاہور میں شدید سردی، جنوری میں بھی دھند کی شدت میں اضافے کا امکان

Last Updated On 23 December,2019 11:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں دھند کا راج، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے دو ہفتے کے دوران دھند کی شدت زیادہ رہنے کے امکانات ظاہر کر دئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے دھند کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ مغربی ہواؤں نے لاہور کا رخ کر لیا ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے دسمبر کے ساتھ جنوری میں بھی دھند برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے گزشتہ برسوں کی نسبت دھند کی شدت میں اضافے کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اجمل شاد کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں سے لاہور کے موسم میں تبدیلی آئی۔ شہر اور اس کے مضافات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ آئندہ ہفتے میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پنجاب کے اکثر علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے جس کی وجہ سے موٹروے کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہے۔

ملتان میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا۔ 13 پروازیں لیٹ، 2 منسوخ جبکہ دو کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔ ادھر لاہور ملتان موٹروے ایم 3 فیض پور سے عبد الحکیم تک، ایم 4 شور کوٹ سے شام کوٹ اور موٹروے ایم 5 رحیم یار خان سے ملتان تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، لودھراں، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولپورمیں بھی شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ 50 میٹر ہو گئی ہے۔