ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات

Last Updated On 19 December,2019 11:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔ کوئٹہ، دالبندین، قلات اور نوکنڈی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ زیارت کا کم ازکم درجہ حرارت منفی 5، کوئٹہ 2، بارکھان میں 3، قلات اور دالبندین میں 4، گوادر میں 18، جیونی میں 19، خضدار، پنجگور اور سبی میں 9، لسبیلہ 13، نوکنڈی 11، پسنی 16، تربت 7 اور ژوب میں 3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں قلات، خاران، کوئٹہ، شیرانی اور ژوب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ادھر لاہور میں سموگ کے وار جاری ہیں۔ شہر میں زہریلے ذرات کی مقدار 235 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں 24 گھنٹوں میں بارش نہیں ہوگی۔

جمعرات کو لاہور کا درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد رہا۔ صبح تین سے چھ کے درمیاں دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ صبح چھ سے گیارہ بجے تک سموگ چھائی رہے گی۔