لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پاکپتن سمیت مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔
لاہور اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات سے بارش اور رم جھم کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم تو ٹھنڈا ہوا ہی لیکن لیسکو کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا۔
بارش کے باعث لیسکو کے 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔
راوی روڈ، بادامی باغ، مصری شاہ، شاد باغ، گلشن راوی، سمن آباد، چوبرجی، نواں کوٹ، شاہدرہ، ایبٹ روڈ اور شملہ پہاڑی کے متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی۔ لیسکو حکام کا کہنا تھا کہ بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ٹیموں کا ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ادھر فیصل آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 اور کم سے کم 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ ہوا۔