اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی بڑھنے لگی، آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برف سے سفید چادر اوڑھ لی، ناران اور بابو سر ٹاپ پر بھی آسمان سے روئی کے گالے برسنے لگے ہیں۔
آزاد کشمیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں، لوگوں نے گرم ملبوسات نکال لئے ہیں۔ ناران کے پہاڑوں پر برف نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، بابو سر ٹاپ پر اب تک 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے جس کے باعث علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ مکینوں کو بھی فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے، علاقے میں قائم تمام ہوٹلز بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کاغان اور ناران میں ہیوی سنو فال کی پیش گوئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی پارہ نیچے آنے لگا، تاہم کراچی میں گرمی رنگ دکھا رہی ہے، آئندہ چند روز میں اس کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج اسلام آباد میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب کے کچھ شہروں اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسیں گے، پہاڑوں پر مزید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔