کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلوں سے نقصانات، ڈیرہ بگٹی میں ایک بچہ اور خاتون جاں بحق، 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہنے سے زخمی ہوئیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ بگٹی میں تیز بارش کے سبب سیلاب آنے سے ایک بچہ اور ایک خاتون جاں بحق اور 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہہ جانےسے زخمی ہوئیں جبکہ درجنوں مال مویشی بھی سیلابی پانی میں بہہ جانے سے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
واشک اور چاغی میں بھی کچے مکانات کو سیلابی پانی سے نقصان پہنچا۔ بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں نقصان کا جائزہ لینے کے لئے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 4 سے 8، بارکھان اور تربت میں 10، زیارت میں 9، خضدار میں 15، دالبندین میں 10، اوماڑہ میں 9 اور پنجگور میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران قلات، ژوب اور سبی میں تیز ہواؤں کے ساتھ جبکہ کوئٹہ، ژوب اور موسیٰ خیل میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے بعد صوبے کے اکثر علاقوں میں موسم سرد ہو گیا ہے۔