کراچی میں طوفانی بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے

Last Updated On 27 September,2019 06:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارش نے ایک بار پھر جل تھل ایک کر دیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، کئی مقامات پر بجلی بھی غائب ہوگئی۔

کراچی میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں، لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات درپیش ہیں، سرجانی ٹاؤن، ملیر، گلشن حدید، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، کورنگی، ملیر، اسٹیڈیم روڈ پر بھی بادل خوب برسے جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔

 

بارش کی بوندیں برستے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔ گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، ایف بی ایریا، محمود آباد، بلدیہ ٹاون اور کورنگی میں لوگ پریشانی سے دوچار ہیں۔ بارش سے کے الیکٹرک کے ناقص انتظامات کی قلعی کھل گئی، شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں ایک بار
پھر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، بارش کے بعد واٹر بورڈ کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں پہنچ گئیں اور پانی نکالنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
 
ذرائع کے مطابق کراچی میں بارش سے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ سائٹ ایریا میں 2 جبکہ لیاری اور کلفٹن میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔
 

 

Advertisement