کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر متوقع بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Last Updated On 23 September,2019 09:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں آج پارہ 38 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو بھی شہر میں ہلکی بارش کی نوید سنادی۔

گرم موسم اور چلچلاتی دھوپ سارا دن لوگوں کا امتحان لیتی رہی۔ حبس نے شہریوں کا برا حال کیے رکھا لیکن شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں کالے بادل چھا گئے۔ گڈاپ، ملیر، سرجانی، کارساز اور شاہراہ فیصل پر تیز ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

گلشن حدید، سعدی ٹاؤن، جوہر، صدر، پی آئی بی، جیل چورنگی، سبزی منڈی، بحریہ ٹاؤن، ناظم آباد اور ایئرپورٹ کے اطراف بھی بادل جم کر برسے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے بدھ اور جمعرات کو بھی ہلکی بارش کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لوکل ڈیویلپمنٹ کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں کالے بادل اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
 

Advertisement