کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ حالیہ سپیل منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
بھارتی گجرات میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سندھ داخل ہو گیا ہے۔ کراچی میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، جامعہ کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی، ناگن چورنگی اور شاہراہ فیصل پر تیز ہواؤں کے ساتھ بادل جم کر برسے۔
اس کے علاوہ کلفٹن، ڈیفنس، کارساز، ائیرپورٹ، ملیر، گرومندر اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی بارش ہوئی۔ لسبیلہ اور دیگر علاقوں میں بھی رم جھم نے خوب رنگ جمایا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں 20 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ منگل تک جاری رہ سکتا ہے۔
جبکہ منگل ، بدھ اور جمعرات کے روز ملک کے بیشتر شہروں میرپورخاص، حیدرآباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔