کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مون سون کا تیسرا اسپیل، طوفانی بارش سے سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے شہر میں اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ملیر، ایئرپورٹ، لانڈھی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، سکیم تینتیس، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، صدر، شارع فیصل سمیت کئی علاقوں میں کھل کر بادل برسے، تیز بارش سے کئی علاقوں میں نالے ابل پڑے اور سڑکیں تالاب بن گئیں، بارش کے بعد اکثر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 80 فیڈرز شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بند کیے گئے، شہری بجلی کی تنصیبات اور کھمبوں سے دور رہیں، سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 32 ملی میٹر، صدر 28، یونیورسٹی روڈ 19، سرجانی 12، جناح ٹرمینل 9، فیصل بیس پر 5 اور لانڈھی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا دوسرا اسپیل آج شہر میں داخل ہوگا، آندھی کے دوران ہواؤں کی رفتار 63 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عوام بجلی کی تنصیبات اور کھمبوں سے دور رہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کا سٹاف سڑکوں پر موجود، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔
آل سندھ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے آج شہر میں سکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے تاحال سرکاری سکولز کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔