ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا

Last Updated On 16 August,2019 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ لاہور میں گھر گھر آنے والے بادل بتا رہے ہیں کہ برسے تو جم کر برسیں گے۔

کینال روڈ، والٹن، باٹا پور، جلو پارک، دھرم پورہ، فیروز پور روڈ، ڈیفنس، بھٹہ چوک، غازی چوک، قینچی، چونگی امر سدھو دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج اور کل شہر میں مزید بارش کا امکان ہے۔

گوجرانوالہ میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلاد ھار بارش نے شہر کا موسم ہی بدل دیا۔ بارش کے باعث حبس سے نڈھال شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارش ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مالاکنڈ اور دیر میں لینڈ سلائنڈنگ کا بھی خدشہ ہے، تمام محکمے الرٹ رہیں۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بادل برسیں گے۔ میرپور آزاد کشمیر شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہو گی۔ ادھر بارش سے خوفزدہ اہل کراچی تیار ہو جائیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بادل ایک بار پھر دھوم دھڑکے سے برسیں گے۔
 

Advertisement