کراچی: بارش سے سڑکیں، نشیبی علاقے زیرآب، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

Last Updated On 11 August,2019 03:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد موسم تو خوشگوار ہو گیا تاہم شہر میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے، شاہراہیں اور نشیبی علاقے ڈوب گئے، ائیرپورٹ میں پانی داخل ہونے سے سامان خراب ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے، پاک فوج نے متاثرہ علاقوں‌ میں‌ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا.

کراچی میں پھر طوفانی بارش، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ دوسری جانب ائیرپورٹ کا حال بھی بے حال ہے، کارگو ایریا میں پانی بھرنے سے سامان خراب ہو گیا، مسافر حکام کو کوستے رہے۔ پاک فوج نے شہر میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

طوفانی بارش کے بعد پانی جمع ہونے کے سبب کورنگی کازوے روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا، ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے پانی میں پھنسے شہریوں کو کرین کے ذریعے نکالا۔ دوسری جانب ملیر ندی میں پھنس جانے والے افراد کو بھی نکال لیا گیا جہاں بچوں سمیت 8 موٹر سائیکل سوارپھنس گئے تھے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 150 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید 149، ائیرپورٹ 126، لانڈھی میں 117 ملی میٹر بارش ہوئی، فیصل بیس 121، ناظم آباد 109 اور نارتھ کراچی میں 78 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

شہر میں بارش کے سبب کے-الیکٹرک کا سسٹم بھی ٹھپ ہو گیا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ملیر، کورنگی سمیت کئی علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو دہرے عذاب کا سامنا کرنا پڑا، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، افسوس ناک واقعات سولجر بازار، اورنگی ٹاؤن، ملیر، کیماڑی اور بن قاسم میں پیش آئے۔

 

Advertisement