کراچی کو صاف ستھرا بنا کر دکھائیں گے، وفاقی وزیر علی زیدی پرعزم

Last Updated On 02 August,2019 09:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ انشا اللہ کراچی کو صاف ستھرا بنا کر دکھائیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی کا کوئی والی وارث نظر نہیں آ رہا، شہر کا سارا کچرا سمندر میں پھینک دیا جاتا ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کو صاف ستھرا کرکے دکھائیں گے، پہلے مرحلے میں نالوں کی صفائی کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے پلان بنانے کی ضرورت ہے، میئر کراچی وسیم اختر ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں کلین کراچی مہم کا پلان دوں گا۔ وفاقی حکومت کے اشتراک سے کلین کراچی مہم اتوار سے شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ناروے میں 95 فیصد بجلی کچرے سے بنتی ہے، کراچی میں بھی کچرے سے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن اس مقصد کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر علی زیدی کی سربراہی میں کراچی کلین اپ مہم سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اور مئیر کراچی وسیم اختر نے بھی شرکت کی۔

علی زیدی نے بتایا کہ ملک کے اہم سرکاری اور نجی اداروں سمیت مختلف شخصیات کی جانب سے بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے شہری بھی اپنا شہر صاف کرنے کے لئے پرعزم ہیں، انشا اللہ بہت جلد شہر کو گندگی سے پاک کر دیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے تمام برساتی نالے صاف کرکے شہر کو ایک دفعہ پھر سے شاندار اور صاف ستھرا بنا کر دکھائیں گے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ علی زیدی میں نے علی زیدی کو دو مرتبہ فون ملایا لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا، اگر علی زیدی کو صوبائی حکومت کی مدد کی ضرورت ہے تو ہم انھیں فراہم کریں گے۔
 

Advertisement