کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں باران رحمت نے موسم حسین بنا دیا، موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، مختلف مقامات پر ٹریفک متاثر ہے، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں ہوگئے۔
شارع فیصل، ناتھا خان پل، ڈرگ روڈ، قیوم آباد، کورنگی روڈ، سندھی مسلم سوسائٹی پی ای سی ایچ ایس اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ٹریفک کا نظام متاثر ہے۔ دادو، کنڈیارو، خیرپور ناتہن شاہ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے روایتی انداز اپناتے ہوئے شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ دوسری جانب میانوالی کالونی اور سولجر بازار میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون کے نئے سپیل کے انٹری ہوگئی، آسمان سے برستی بوندوں نے ساون کا مزا دوبالا کر دیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو حسین بنایا، حبس میں بھی کمی آگئی، راجن پور، جھنگ، میانوالی، کندیاں، شور کوٹ میں بادل کھل کر برسے ہیں۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آج لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی، پشاور، مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ہے، طوفانی بارشوں کے باعث نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔