کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی میں طوفانی بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، تمام ایئرلائنز کو بھی موسم کی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے (سی اے اے) نے محکمہ فائر اور ایئر سائڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سی اے اے کی جانب سے ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں ترجیحی بنیادوں پر صاف رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ کپتانوں کو رن وے پر سلپ ہونے کے امکانات کے باعث لینڈنگ کے وقت احتیاط کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیشگوئی ہے۔ میں یہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ تمام ادارے فیلڈ میں ہونگے اورعوام کو کم سے کم تکلیف دیں گے۔
مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کی ہماری بھرپور تیاری ہے۔ انتظامیہ گزشتہ بارشوں سے سبق سیکھ کر اس بار اچھا کام کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔