کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں بارش اور عید کے بعد مریضوں کی تعداد میں تین سو گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گندگی نے بیماریوں میں اضافہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گندگی اور آلودہ پانی کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہر بھر میں پیٹ کی بیماریوں اور ہیپاٹائٹس کی وبا پھیلنے لگی ہے۔ تین ہفتوں کے دوران سینکڑوں بچے متاثر ہو چکے ہیں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئی تو مزید بچے لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ اگر بچوں کو الٹیاں اور دست ہوں تو انہیں فوری طور پر او آر ایس پلائیں اور قریبی ہسپتال لے جائیں۔
ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت برائے اطفال پروفیسر جمال رضا کے مطابق ہسپتال آنے والوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر خصوصی وارڈز قائم کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق شہر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈائریا، گیسٹرو اینٹرائٹس، ہیپاٹائٹس اے اور ای کے 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ عید اور بارش کے بعد مریضوں کی تعداد میں 300 گناہ اضافہ ہوا۔
گزشتہ بیس روز کے دوران سول ہسپتال کی ایمرجنسی میں 2 ہزار سے زائد، قومی ادارہ برائے امراض صحت میں 2889، عباسی شہید ہسپتال میں 2800، لیاری جنرل ہسپتال میں 144 بچے جبکہ سندھ گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال میں 2500 سے زائد بچے لائے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد ایسی صورتحال ہوتی ہے لیکن کراچی میں گندگی اور کچرے نے بیماری میں مزید اضافہ کیا۔ شہریوں کو پانی ابال کر پینے اور ہاتھ دھونے کی عادت اپنانا ہوگی۔