لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل چھانے کے بعد بوندا باندی شروع ہو گئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر قائد میں بھی آج بارش کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آج بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم دلفریب ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور کے علاوہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات میں بھی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، صوابی میں بھی بارش متوقع ہے۔
مظفر آباد سمیت کشمیر اور سندھ کے علاقوں حیدرآباد، ٹھٹھہ، دادو میں بھی بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب شہر قائد میں بھی آج بارش کا امکان ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج سے پیر تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوگی۔