سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے

Last Updated On 06 October,2019 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی آمد کا پیغام دے دیا۔ کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

لاہور میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ ادھر کراچی میں بھی بادلوں نے رنگ جمایا۔ بہاولپور، حاصل پور، چشتیاں، خانیوال، بورے والا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گوجرہ سمیت دیگر شہروں میں ابر کرم برسا۔

کراچی میں وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔ گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج موسم جزوی ابر آلود اور سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری رہ
سکتا ہے۔

کوئٹہ، بارکھان، تربت، زیارت، خضدار، دالبندین، اوماڑہ اور پنجگوڑہ میں بھی بادلوں نے رنگ جمایا جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، ژوب، سبی اور موسیٰ خیل میں بھی بادل برسیں گے۔

بالا کوٹ، ملکہ پربت اور بابو سر ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جھیل سیف الملوک اور ناران سے گلگت براستہ بابو سر جانے والی ہیوی ٹریفک کو بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے کچھ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، گلگت اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ بارش متوقع ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
 

Advertisement