لاہور: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رم جھم کا سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ پہاڑوں پر بھی مزید برفباری ہوگی۔
لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، چنیوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہے۔
دوسری طرف پہاڑوں پر بھی آسمان سے چاندی برسنا شروع ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔ برفباری کے باعث درہ برزل پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔
وادی منی مرگ اور قمری کے درمیان زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔ خنجراب ٹاپ اور شندور ٹاپ پر بھی آسمان سے برف روئی کے گالوں کی طرح برسی۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بادل برسنے کا امکان ہے۔