لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

Last Updated On 16 November,2019 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا، ناران، کاغان اور پیرچناسی میں برفباری کا سلسلہ دوسرے بھی جاری رہا۔

لاہور میں صبح سے شروع ہونیوالا رم جھم کا سلسلہ تھم گیا، دو روز سے جاری بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی، آسمان سے گرتے پانی نے سموگ کی شدت بھی کم کر دی، شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ قصور، اوکاڑہ، وہاڑی، منڈی بہاء الدین، ہارون آباد، چشتیاں اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔

چارسدہ، ٹانک، صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل چھم چھم برسے، شوگران اور ناران میں برف باری سے سردی بڑھ گئی۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر وں کے سامنے سے برف ہٹائی، آزاد کشمیر کے علاقے پیر چناسی میں برفباری کے بعد وادی میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ تین روز سے جاری برفباری نے پارہ مزید گرا دیا۔ سیاح موسم کو انجوائے کرنے کیلئے پہنچنے لگے، گلیات میں بھی موسلادھا بارش نے موسم کو مزید سرد کر دیا۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کراچی میں آج جزوی ابر آلود رہے گا، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 13، لاہور 16، فیصل آباد، 14، ملتان 15، کوئٹہ 3، کراچی 19 اور پشاور میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement