پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادل برسنے لگے، کہیں بوندا باندی تو کہیں موسلادھار بارش

Last Updated On 22 November,2019 08:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں وقفے وفقے سے بوندا باندی جاری رہی جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ سموگ کی شدت میں بھی کمی ہو گئی۔

شورکوٹ، ساہیوال، منڈی بہاء الدین، پھالیہ، وہاڑی، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، نارووال، سکھیکی، ظفروال، مریدکے، جہانیاں، پاکپتن، خان پور اور پھالیہ میں بھی بادل برسے جس کے باعث بعض علاقوں میں خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

کشمور اور کندھ کوٹ میں بوندا باندی سے سردی کی شدت بڑھ گئی، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں وقفے وقفے سے بادل برسے جبکہ برف باری سے شیخ بدین اور کوہ سلیمان نے سفید چادر اوڑھ لی۔

چاغی میں موسلا دھار بارش سے طغیانی کے باعث دالبندین، گردی جنگل، پوستی اور سرحدی علاقے متاثرہ ہوئے۔ دالبندین میں پاک ایران ریلوے ٹریک بھی متاثرہوا۔ نوکنڈی اور مضافاتی علاقوں میں بھی بادل کھل کے برسے۔

گلگت بلتستان ڈویژن کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ بالائی سرحدی علاقہ گُل تری سمیت 60 سے زائد دیہات کا سکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو چکے ہیں۔

Advertisement