لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد، ملتان، سکھر اور لاڑکانہ سمیت پورے ملک کے بیشتر حصوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، قلات اور زیارت کے اضلاع میں کل شدید سردی رہے گی۔
پنجاب میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا،منڈی بہاء الدین اور سیالکوٹ میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔
ادھر حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ اور ساہیوال میں بھی دھند کا راج ہوگا۔ ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سکھر، لاڑکانہ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں بھی صبح کے اوقات میں دھند پڑ سکتی ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک، صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کے پی کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔