اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق آئینی درخواست غیر موثر نہیں ہوئی، آرمی ایکٹ ترمیمی بل آرمی چیف سے متعلق ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کا ایک حصہ آرمی چیف، دوسرا فوج سے متعلق ہے۔
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے دو حصے ہیں، ایک حصہ آرمی چیف اور دوسرا پوری فوج سے متعلق ہے۔ آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق آئینی درخواست غیر موثر نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل آرمی چیف سے متعلق ہے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی سے آرمی، فضائیہ اورنیوی ایکٹ ترمیمی بل منظور ہونے سے متعلق وزیر قانون فروغ نسیم نے بتایا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی طرف سے ترامیم پیش کی گئیں، اس پر وضاحت کی گئی کہ اس کیلئے آئین میں ترمیم کرنا ہوگی، اجلاس میں ایک بھی رکن نے مخالفت نہیں کی۔