اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقلیتوں سے ناروا سلوک سے متعلق بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کر دیا۔ دفتر خارجہ نے کہا ننکانہ صاحب اور پشاور واقعات کو غلط رنگ دینا بھارت کی سازش ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان کی کردار کشی کا مقصد بھارت کے اندرونی انتشار اور کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا ہے، پاکستان بھارتی پراپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کو قطعی مسترد کرتا ہے، بھارت کسی بھی مذموم سازش کے ذریعے متعصبانہ قانون پر عوامی ردعمل کو چھپا نہیں سکتا۔
دفتر خارجہ نے کہا پاکستان سکھ مذہب سمیت تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو بے انتہاء احترام دیتا ہے، گوردوارہ ننکانہ صاحب کی بے حرمتی سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہیں، یہ سفید جھوٹ آر ایس ایس اور بی جے پی کی بدنام زمانہ پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔