'بھارتی معاشرے پر ہندتوا کا غلبہ، اقلیتوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے'

Last Updated On 04 January,2020 12:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی معاشرے پر ہندتوا کا غلبہ ہے، بھارت میں اقلیتوں کو بدترین تشدد اور جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیکولر ازم کے نام پر بننے والا بھارت آج تعصب، نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارت میں اقلیتوں کو ان کی شہریت کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان سب پاکستانیوں کا یکساں وطن ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان قائداعظم کے وژن کی عملی تصویر بن رہا ہے، رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ملک کی تمام اقلیتیں پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں، اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے، اسلام تمام مذاہب کے احترام کو لازم قرار دیتا ہے، قومی پرچم کا سفید رنگ اقلیتوں نمائندگی کا مظہر ہے۔
 

Advertisement