اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگی ترجمانوں کا پناہ گاہوں کو تنقید کا نشانہ بنانا غریب دشمنی ہے، انہیں چاہیے کہ لندن کی آرام دہ پناہ گاہوں پر تنقید کریں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بے گھر افراد کیلئے سائباں کی دستیابی وزیراعظم کے احساس کا مظہر ہے، نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر رکھی گئی ہے، غریبوں کو چھت، کھانا فراہم کر کے ریاست اپنی ذمے داری پوری کر رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا انسانیت کی فلاح عمران خان کی زندگی کا نصب العین ہے، لٹیرا لیگ کی قیادت ایون فیلڈ کے پر آسائش محل میں لطف اٹھا رہی ہے، شریفین نے صرف اپنی آل اولاد اور ذات کا سوچا، عمران خان کی جدوجہد قوم کے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ہے۔