قومی سلامتی کے مسائل کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 02 January,2020 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے مسائل کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے، ادارے کسی جماعت یا شخصیت نہیں، عوام کے ہیں، امید ہے پارلیمنٹ اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرے گی۔

معاون خصوصی براے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک سے محبت کا اظہار کیا، سمندر پار پاکستانی ملکی ترقی اور تعمیر میں شامل ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کاروبار میں آسانی کے ذریعے روزگار میں اضافے کی طرف بڑھ رہے ہیں، 2020 امید، ریلیف اور پسے ہوئے طبقے کی ترقی کا سال ہے، حکومت پسے ہوئے طبقے کو ان کا حق لوٹائے گی، سمندر پار پاکستانیوں کا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آنے والے دنوں میں صنعتوں کے قیام کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کیا جائے گا جس سے بند صنعتوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ غریب اور محنت کش مزدور کے گھر کا چولہا جل سکے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے، زراعت کے شعبے کو سی پیک کا حصہ بنایا گیا ہے، چائنا کی مدد سے ٹیکنالوجی کے استعمال سے کپاس کی پیدوار کو پڑھایا جائے گا، وزیر اعظم کے ویژن کے تحت زرعی شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے ان اہم اقدامات سے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement